نواز شریف پانچویں بار وزیراعظم بن کر کونسا تیر مار لیں گے؟ بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف پانچویں بار وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں، پہلے تین بار خود وزیراعظم بنے اور پھر چوتھی بار ریموٹ کنٹرول کے ذریعے وزارتِ عظمیٰ چلائی، پانچویں بار وہ کون سا تیر مار لیں گے۔
گوجرانوالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ وہ وزیراعظم بن بھی گئے تو پھر سے ذاتی مفاد اور پرانی سیاست کی وجہ سے ان سے ہی لڑیں گے جو ان کو لے کر آتے رہے ہیں اور پھر کہیں گے کہ مجھے کیوں نکالا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے الیکشن مقررہ وقت پر نہ ہونے دیے تو عوام کے ساتھ سڑکوں پر ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچھ پرانے سیاست دان کہتے ہیں طاقت کا سرچشمہ کہیں اور ہے ، عوام ان سیاست دانوں کو غلط ثابت کردیں گے، 8 فروری کو ایسا سرپرائز دیں گے جو رائے ونڈ کو یاد رہے گا۔
اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ کی سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی سزا سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت کے بعد عدالت کے باہر بھی میڈیا سے بات چیت کی تھی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں پرانے سیاستدانوں کی پرانی سیاست دیکھ چکا ہوں، انہوں نے وہی پرانی سیاست کرنا ہے جس سے نہ ملک اور نہ معیشت ترقی کرے گی، ہم ایسے اس ماحول سے نہیں نکل سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا بہت پرانا مؤقف اور مطالبہ ہے کہ سب اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں، سیاستدان بھی جمہوریت کے دائرے میں رہ کر کام کریں، ادارے بھی اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں، تب ہی ہماری معیشت اور ملک چلے گا۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہم نے سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی پر پہنچا دیا ہے، کوئی کسی بھی جماعت سے ہو سب پاکستانی ہیں، فیصلہ کریں اختلافات الگ رکھیں گے لیکن ساتھ مل کر مسائل کا حل نکالیں گے، اس نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کریں اور نئی سیاست شروع کریں۔

Comments
Post a Comment
If you have any doubt, please let me know.